ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل میں صحافیوں نےمنایا پریس ڈے ؛ سماجی کارکن نثار احمد اور ڈی بی نائک کی خدمات کی سراہنا کرتے ہوئے پیش کی گئی تہنیت

بھٹکل میں صحافیوں نےمنایا پریس ڈے ؛ سماجی کارکن نثار احمد اور ڈی بی نائک کی خدمات کی سراہنا کرتے ہوئے پیش کی گئی تہنیت

Thu, 01 Jul 2021 14:28:19    S.O. News Service

بھٹکل  یکم جولائی (ایس او نیوز) بھٹکل میں آج  یکم جولائی  کو صحافیوں نے پریس ڈے مناتے ہوئے  بھٹکل کے معروف  سماجی کارکن   نثار احمد رکن الدین اور ریٹائرڈ استاد  ڈی بی نائک  کی تہنیت کی ۔ اس موقع پر مہمان خصوصی کے طور پر تشریف فرما  اُترکنڑا ورکنگ جرنلسٹ اسوسی ایشن کے  صدر رادھا کرشنا بھٹ نے کہا کہ  صحافیوں کو اپنے دائرے میں رہ کر کام کرنا چاہئے، صحافیوں کا کام خبریں پہنچانا ہے،  ایک صحافی اگر  کسی کرائم کو دیکھ کر  اُس کی رپورٹنگ کرتا ہے تو    اُس کے بعد  پولس اوردیگر محکموں  کا کام  ہوتا ہے کہ کرائم پر  کاروائی کرے، مجرموں کو سزا دلوائے، سماج میں پائی جانے والی برائیوں کو اُجاگر  صحافی کا کام ہے،  مگر  اس کے بعد   سماج کے دیگر اداروں  اور  محکموں کا کام ہے کہ وہ   برائیوں پر قابو پانے کے لئے کوشش کرے۔

اعزازی مہمان  کے طور پر تشریف فرما بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر ممتا دیوی نے میڈیا کو  جمہوریت کا چوتھا ستون قرار دیتے ہوئے میڈیا کی اہمیت پر اپنے تاثرات پیش کئے  ۔ ڈی وائی ایس پی بیلی ایپّا نے  کہا کہ میڈیا میں  اگر کوئی تنقید کرتا ہے پہلے ہمیں برا لگتا تھاتھا کہ ہمارے خلاف لکھا گیا ہے مگر بعد میں   محسوس ہونے لگا کہ   صحافی سماج میں  جو کچھ  دیکھتا ہے، اُسے ہی وہ پیش کرتا ہے،  ہمیں تنقیدی  خبروں سے   بیزار ہونے کے بجائے  اپنے  اندر تبدیلی لانی چاہئے۔

بھٹکل تعلقہ ورکنگ جرنلسٹ اسوسی ایشن کے جنرل سکریٹری موہن نائک نے نظامت کے ساتھ   افتتاحی کلمات پیش کرتے ہوئے بتایا کہ  گذشتہ سال کورونا لاک ڈاون   کے چلتے   پریس ڈے نہیں منایا جاسکا تھا،  انہوں نے کہا کہ گذشتہ سال  پریس ڈے کے موقع پر  کورونا  وباء کے دوران   سرکاری اسپتال میں  نثار احمد رکن الدین نے جو خدمات انجام دی تھی، اُس کو دیکھتے ہوئے  اُن کی تہنیت کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا مگر چونکہ پروگرام نہیں ہوسکا، اُس لئے اُن کی  اس بار تہنیت کی جارہی ہے۔ اسی طرح امسال  پریس ڈے کے موقع پر  ڈی بی نائک کی خدمات کو قبول کرتے ہوئے اُن کی  تہنیت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ڈی بی نائک  تعلیمی، سماجی، مذہبی اور کو آپریٹیو  سطح پر  عوامی خدمات میں اپنا ایک مقام رکھتے ہیں، موصوف نشچل مکّی دیوستھان کے  رکن انتظامیہ  کے ساتھ ساتھ دیگر کئی اداروں سے بھی منسلک ہیں۔اعزازی مہمانوں کے ہاتھوں  دونوں سماجی کارکنوں کی شال پوشی کرتے ہوئے اُن کی تہنیت کی گئی اور اُنہیں میمنٹو پیش کیا گیا۔   بھٹکل تعلقہ ورکنگ جرنلسٹ اسوسی ایشن کے صدر بھاسکر نائک نے صدارت کی، اسوسی ایشن کے  رکن محمد رضا مانونی نے   شکریہ ادا کیا۔  کورونا لاک ڈاون کی گائیڈلائن کو دیکھتے ہوئے  عوام کو پروگرام میں  مدعو نہیں کیا گیا تھا ، صرف صحافیوں نے ہی پروگرام  میں شرکت کی۔


Share: